لاہور 6مارچ 2011 ء:امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی امریکی قونصلر جنرل کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرائے گی، اس کے لیے سینئر وکلا اور ماہرین قانون پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔ امریکی ایجنسیاں لوگوں کو اغوا کر کے خود کش دھماکے کروا رہی ہیں ۔ دہشت گرد ی اور تخریب کاری کے واقعات میں سی آئی اے اور بلیک واٹر ملوث ہیں ،فوج قبائلی علاقوں میں آپریشن ختم کر کے ان کے خلاف کارروائی کرے۔ امریکی ایجنسیوں کے ہزاروں دہشت گردوں کی گرفتار ی کے لیے پورے ملک میں آپریشن کیا جائے۔ ریمنڈ ڈیوس کو ملک سے فرار کرانے کی حکومتی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ عوام عزت و وقار سے جینا چاہتے ہےں تو امریکی غلاموں سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ حکومت ملٹری آپریشن ختم کر کے بے گھر ہونے والے ہزاروں قبائلیوں کو گھروںکو واپس جانے کی اجازت دے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کی طرف سے ریمنڈ ڈیوس کی ممکنہ رہائی کے خلاف اور عبادالرحمن کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ملتان روڈ منصورہ کے باہر کیے گئے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور امریکہ اور حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ۔ مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر قاتل کو پھانسی دینے کے نعرے درج تھے ۔سید منور حسن نے کہاکہ جنیواکنونشن کے تحت استثنیٰ صرف وفاقی دارالحکومت میں قائم سفارتخانے کے اہلکاروں کو حاصل ہوتاہے ۔ ریمنڈ کو سفارتی استثنیٰ حاصل نہیں۔صوبائی اور وفاقی حکومت امریکی دباﺅ پر قاتل کو استثنیٰ دینے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ جنیوا کنونشن کے تحت اسے سفارتی استثنیٰ حاصل نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کا عبادالرحمن کو کچلنے والی گاڑی اور اس میں سوار قاتلوں کو گرفتار نہ کرنا انتہائی بزدلی اور نااہلی کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم شہدا کے گھرانوں کو انصاف دلانے کے لیے ریمنڈ اور اس کے ساتھیوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر دم لیں گے ۔
No comments:
Post a Comment